مٹیاری؛ ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس

94

مٹیاری ، 8 نومبر (اے پی پی): ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر مسعود احمد قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی سیکرٹریٹ کے لطیف ہال میں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سول سوسائٹی کی تنظیموں کے علاوہ مختلف این جی اوز اور آئی این جی اوز  کو بھی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ووٹر ایجوکیشن کمیٹی میں شامل کیا جائے تاکہ ووٹنگ کی اہمیت اور ووٹ کے صحیح استعمال  کو موثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔

 ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے ضلع کے تمام محکموں کے افسران پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاری کے لیے 8 فروری 2024 کی تاریخ مقرر کی ہے جس کے لیے تیاریاں شروع کردیں۔

 اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ جن لوگوں کے شناختی کارڈ نہیں بنے ان کے جلد از جلد شناختی کارڈ بنوانے کے لیے دیہی علاقوں میں نادرا کی موبائل سروس جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاری مکمل کر لی ہے، صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے ہر ادارے کو کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ عوام اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔

اس موقع پر کنوینٹر ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹی اور الیکشن آفیسر محمد تنویر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مٹیاری مونس احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زبیدہ تھہیم، اور دیگر بھی موجود تھے۔