میر پور ،8 نومبر( اے پی پی ): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ہندو برادری کے بڑے مذہبی تہوار دیوالی کے بڑے جشن کی 13 نومبر کو تھرپارکر میں منعقد ہونے والی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو جیلانی ہاوس میرپورخاص پہنچے ۔پی پی پی میرپورخاص ڈویژن کے صدر سابق وفاقی وزیر پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی نے نثار کھوڑو اور دیگر پی پی پی کی صوبائی و مقامی قیادت کے لئے جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی صدارت میں پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن میں الیکشن کی صورتحال ،ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔ نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر کسی کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، خواہ وہ مرد ہو خواتین ہو یا کسی مذہب کا ہو ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو 13 نومبر کو ماروی اسٹیڈیم مٹھی میں شاندار دیوالی جلسہ سے خطاب کرینگے۔پاکستان کا سرچشمہ عوام ہے اسی فلسفے پر ہماری پارٹی چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں الیکشن میں حصہ لیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ دیوالی کے موقع پر ماروی اسپورٹس گراونڈ مٹھی میں جلسہ منعقد کیا جارہا ہے ،جلسہ میں عوام کی بھرپور شرکت کے لیے تمام میرپورخاص ڈویژن کے تمام شہروں میں عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
13 نومبر کو تاریخی اور شاندار دیوالی جلسہ ہوگا، جس سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے دیوالی کی خوشیوں میں تھر کے عوام کے ساتھ شامل ہونے پر ہندو برادری کی جانب زبردست خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے ،جلسہ میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شرکت کر کے ثابت کریں گے کہ تھر کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے محبت کرتے ہیں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامراہ،پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر پیر آفتاب شاہ جیلانی ،سابق صوبائی وزیر ہری رام کشوری لعل ،شمیم آراءپنہور،خیرالنساءمغل،ذوالفقار علی شاہ، انجینئر گیان چند ایسرانی، ڈاکٹر مہیش ملانی ، فقیر شیر محمد بلالانی، پیر حسن شاہ جیلانی ، پیر عزت شاہ جیلانی و دیگر نثار کھوڑو کے ہمراہ موجود تھے۔











