نگران صوبائی وزیر ڈاکٹر عامر عبداللہ سے بین الاقوامی امدادی پروگرام ”سیڈ ”کے نمائندہ وفد کی ملاقات

17

پشاور،9نومبر(اے پی پی): خیبر پختونخوا کے نگران صوبائی وزیر برائے امور ضم اضلاع، صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ سے  بین الاقوامی امدادی پروگرام ”سیڈ ”کے نمائندہ وفد نے ٹیم لیڈر ڈاکٹر عمر مختار کی سربراہی میں جمعرات کو یہاں انکے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور انکے ساتھ ضم اضلاع کے ترقیاتی عمل اور وہاں پر درپیش بعض مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر  نگران صوبائی وزیر نے ضم اضلاع کیلئے مختص علمی و تربیتی اداروں کی سولرائزیشن کیلئے ایم او یو پر عملدرآمد کیلئے گفتگو کی۔

نگران صوبائی وزیر نے وفد کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً صوبے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب میں معاونت فراہم کرنے اور محکمہ صنعت کے مختلف ذیلی شعبوں کی استعداد میں بہتری لانے میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں نگران صوبائی وزیر نے صنعتکاری کے شعبے میں ماربل کے فضلے سے ٹائل بنانے، تکنیکی تربیتی اداروں کی سولرائزیشن، ٹیکسٹائل کے مختلف مشینی آلات کی تربیت میں تکنیکی معاونت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے موثر بزنس پلان مرتب کرنے میں تعاون کے مواقع کی نشاندہی کی۔  اس سلسلے میں ادارے کے نمائندوں نے ان شعبوں میں ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے دوران سیکریٹری صنعت سید ذولفقار علی شاہ،ایم ڈی ٹیوٹا عامر آفاق اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے پی ایزڈمک جاوید اقبال خٹک بھی موجود تھے۔