وزیراعلی محسن نقوی کی داتا دربار حاضری، فاتحہ خوانی،توسیعی پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ، لنگر خانہ 24گھنٹے کھلا رکھنے کی ہدایت

38

 

لاہور،18نومبر  (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہفتہ کو حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے مزا ر پر حاضری ، مزار پر چادر پوشی کی اورپھول  چڑھائے۔وزیراعلی نے ملک کی سالمیت، استحکام، امن اور عوام کی ترقی وخوشحالی اور مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے مزار کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا اور توسیعی پراجیکٹ کا معائنہ کرکے پیشرفت کا جائزہ لیا۔

 وزیراعلی محسن نقوی نے مزار کے برآمدوں کی توسیع کے کام کامشاہدہ کیا اور توسیعی پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی محسن نقوی کو اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت ہجویری ہال میں اجلاس منعقدہ ہوا جس میں پنجاب میں بزرگان دین کے 9مزاروں کی اپ گریڈیشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اچ شریف عقیدت مندوں کیلئے ٹورسٹ ٹریل بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں اچ شریف حضرت جلال الدین بخاری اور دیگر اولیا  کے مزارات کے راستےٹورسٹ ٹریل ڈکلیئر کرنے اور اچ شریف کے مزارات اور تبرکات کی عمارتوں کی تعمیر ومرمت ا ور اپ گریڈیشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بابا بلھے شاہ، حضرت موسی پاک، بابا فرید، شاہ شمس تبریز اور دیگر مزار ات کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا گیا۔

 وزیراعلی محسن نقوی نے داتا دربار کے گرد اراضی واگزار کرواکر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزار کمپلیکس میں واقع دفاتر باہر منتقل کرکے بیسمنٹ اور قوالی ہال کی توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے داتا دربار میں 24گھنٹے لنگر خانے جاری رکھنے کیلئے انتظامات اور حجرے کو اصل حالت میں برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔