وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی زیر صدارت پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کا 29 واں اجلاس

15

 

لاہور یکم نومبر ( اے پی پی ):  وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب و شریک چیئرمین زکوٰۃ و عشر کونسل پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کی زیر صدارت پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کا 29 واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں زکوٰۃ بجٹ برائے مالی سال 2023-24 کے لئے 4 ارب 48 کروڑ روپے کے تخمینہ کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ زکوٰۃ و عشر کونسل پنجاب نے نو مسلم مستحق افراد کی مالی امداد کے لئے ‘تالیف قلب’ کے نام سے ایک منفرد پائیلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں شروع کی گئی اس سیکم کے لئے 75 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب نے مزید بتایا کہ کونسل نے گزارہ الاؤنس کی مد میں مبلغ 2 ارب 61 کروڑ روپے کے اجراء کی منظوری جبکہ نابینا افراد کے لئے گزارہ الاؤنس کی مد میں 16 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے مزید بتایا کہ جزام کے مریضوں کو گزارہ الاؤنس کی مد میں 7 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں میں غریب اور نادار افراد کے مفت علاج و معالجہ کے لئے 29 کروڑ 36 لاکھ روپے وقف کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مستحق طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کے لئے 11 کروڑ روپے جبکہ دینی مدارس کے مستحق طلباء و طالبات کو بھی 11 کروڑ روپے کے تعلیمی وظائف فراہم کیے جائیں گے۔ شادی گرانٹ کی مد میں مبلغ 18 کروڑ 62 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ 54 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم سے مستحق طلباء و طالبات ووکیشنل ٹریننگ اداروں میں مفت فنی تربیت حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں سیکرٹری زکوٰۃ و عشر پنجاب میاں ابرار احمد، ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ پنجاب رانا سجاد سمیت دیگر نمائندہ اداروں سے افسران نے شرکت کی۔