ڈیرہ غازی خان ،2 نومبر( اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔
اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران ،ڈپٹی کمشنرز، سکیورٹی ایجنسیز کے ڈویژنل سربراہان نے شرکت کی، اجلاس کے دوران حکومت کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے جاری آپریشن، پیش آمدہ مسائل اورہولڈنگ سنٹرز میں کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ڈیڈ لائن کے ختم ہونے کے بعد رضاکارانہ طور پر واپس جا نے والے اور ہولڈنگ سنٹرز میں لائے گئے افغان اور دیگر غیر ملکی شہریوں کی تفصیلات کو چیک کیا گیا۔
اجلاس کے دوران آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر )سجادحسن خان نے ڈویڑن بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کےخلاف جاری آپریشن میں تیزی لانے اور دیگر ادارہ جات سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق تمام غیر ملکی شہریوں کو ہولڈنگ سنڑز میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ آر پی او کا کہنا تھا کہ ہولڈنگ سنٹرز میں مقیم شہریوں کی سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران سکیورٹی انتظامات کاخود جائزہ لیں اور غیر ملکیوں کی ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پی پر عمل درآمد کریں۔
اجلاس کے دوران کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے حوالے سے پہلے سے تیار شدہ فہرستوں کو رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے غیر ملکیوں کے حوالے سے دوبارہ اپڈیٹ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہولڈنگ سنٹرز میں موجود غیر ملکی شہریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں جنہیں مکمل عزت و احترام کے ساتھ ان کے وطن واپس روانہ کیا جائے گا۔











