کوئٹہ، 25 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان روایتوں کا امین صوبہ ہے، یہاں آباد تمام اقلیتیں صدیوں سے مکمل بھائی چارے امن اور رواداری سے رہ رہی ہیں جو بلوچستان میں بین المذاھب ہم آہنگی اور برداشت کا عملی ثبوت ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے پیر کو یہاں ہندو برادری کے تہوار ہولی کی تقریب میں شرکت کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہولی کا کیک بھی کاٹا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتں ہمارے دل کے قریب ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ سرکاری ملازمتوں سمیت تمام شعبہ زندگی میں ان کو خاطر خواہ نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہندو برادری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔
وزیر اعلٰی نے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں ہندو برادری نے ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے جن کا ہم سے تعلق اور رشتہ بہت گہرا ہے، ہم آئندہ بھی اپنے اس خوبصورت تعلق کو یونہی قائم رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے۔
اس موقع پر رکن بلوچستان اسمبلی سنجے کمار اور ہندو برادری کے سرکردہ افراد بھی موجود تھے۔