پشاور، 14مارچ(اے پی پی): سینیٹ الیکشن 2024 کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا جناب شمشاد خان نے بطور ریٹرننگ آفیسر آج پبلک نوٹس جاری کردیا ہے۔
شیڈول کے مطابق 7 جنرل ، 2 ٹیکنوکریٹ و علماء اور 2 خواتین کے مخصوص نشستوں پر یہ انتخابات 2 اپریل ،2024 کو ہونگے، جس کیلئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 15 مارچ 2024 سے 16 مارچ 2024 تک صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے پاس جمع کراسکتے ہیں، جسکے بعد 17 مارچ کو کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائیگی، جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 19 مارچ 2024 تک ہوگی۔
کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21مارچ 2024 تک داخل کی جاسکیں گی اور ان اپیلوں پر فیصلہ 25 مارچ تک کیا جائیگا۔نوٹس کے مطابق 26 مارچ کو نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی اور امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 27مارچ تک واپس لے سکیں گے۔ اب تک جنرل نشستوں کے لئے 41 امیدواروں، خواتین کے لئے 6 اور ٹیکنوکریٹس کے لئے 7 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلئے ہیں۔











