صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر خوراک بلال یاسین کا گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا دورہ، ہسپتال کی ری ویمپنگ، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا

65

لاہور۔ 18 اپریل (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور وزیر خوراک بلال یاسین نے  حالات کا جائزہ لینے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر چیف پلاننگ آفیسر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عبدالحق بھٹی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف، پروفیسر معین، ایم ایس ڈاکٹر اختر، ڈاکٹر احمد، معروف کاروباری شخصیت بشیر احمد اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران موجود تھے۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور بلال یاسین نے گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ری ویمپنگ منصوبے کا جائزہ لیا۔

 صوبائی وزراء نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق اور بلال یاسین نے اس حوالہ سے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔ چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی اور سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے صوبائی وزراء کو بریفننگ دی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کے حالات مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ یہ ہسپتال بند روڈ و ملحقہ علاقہ جات کی ہزاروں کی آبادی کیلئے علاج کی بہت بڑی سہولت  فراہم کررہا ہے۔ ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے کو مکمل کروانے کی سب سے بڑی ذمہ داری ایم ایس اور متعلقہ اداروں کی ہے۔

 انھوں نے کہا کہ میاں منشی ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔  صوبائی وزیر نے کہا کہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں ری ویمپنگ و دیگر اپ گریڈیشن منصوبے کے حوالہ سے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔  اس ہسپتال میں سی ٹی سکین کی سہولت کے بعد مریضوں کیلئے بہت آسانی پیدا ہو گی۔

 خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں ٹراما سنٹر اور سنٹرل آکسیجن سپلائی کا منصوبہ جلد مکمل کروائیں گے۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے  اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال کو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہسپتال میں ری ویمپنگ منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ ری ویمپنگ منصوبے میں تاخیر کرنے والی فرمز کو بلیک لسٹ کریں گے۔