لاہور،17اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت زراعت ہاؤس لاہور میں اعلیٰ سطحی کے اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کسان کارڈ اور زرعی ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی سے متعلق پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے ایک گیم چینچر ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کسان کارڈ فلیگ شپ پروگرام کے تحت5 لاکھ کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے150 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں (مالک/ مزارعہ/ٹھکیدار) کو فصلوں کی کاشت اور زرعی مداخل کی بروقت خرید کیلئے1 لاکھ50 ہزار روپے ایک کراپ سیزن کے دوران فراہم کئے جائیں گے۔وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ اس سکیم کے تحت5 سے ساڑھے12 ایکڑ زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو کسان دوست قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں 5 ہزار ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ٹیوب ویلز کی سولر سسٹم پر منتقلی کے بعد کاشتکاروں کو بجلی کے مہنگے یونٹس پر ہونے والے اخراجات سے نجات ملے گی۔وزیر زراعت نے کہا کہ اُن کی پیداواری لاگت میں واضح کمی آئے گی۔ وزیر اعلی کے پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب میں اگلے دو سالوں کے دوران 60 ارب روپے کی لاگت سے7300 کھالہ جات کو پختہ کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو زمین کی ہمواری کیلئے لیزر لینڈ لیولرز سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔ سیکٹری زراعت افتخار علی سہو نے اجلاس کو بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو ڈیجیٹلائزڈ قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے محکمہ زراعت کی خصوصی ٹیمیں زیرِ سطح موجود پانی اور دوسری ٹیکنیکل رپورٹس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقلی کریں گی۔ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت زرعی ریسرچ کے اداروں میں اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔ اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ) کیپٹن (ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن، چیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد ڈاکٹر ساجد الرحمان، ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی) ملک محمد اکرم،ڈائریکٹر جنرل زراعت فیلڈ انجنئیر سہیل احمد، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔











