پشاور،22 مئی (اے پی پی): کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے خصوصی طیارے کے ذریعے 290 پاکستانی طلبا کو لے کر پہلی پرواز پشاور پہنچ گئی ۔ وزیربرائے اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا میناخان اور ایم این اے فیصل امین گنڈاپور سمیت دیگر نے ایئرپورٹ پر طلبا کا استقبال کیا۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے وطن واپسی کے لئے پورے پاکستان کے طلبا کو ترجیح دی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اےخیبرپختونخوا کے مطابق طلبا کو لانے کے لئے دوسری پرواز آج(بدھ کو) روانہ ہوگی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر کرغزستان سے خصوصی پرواز سے پشاور پہنچنے والے دیگر صوبوں کے طلبہ کو وزیر اعلیٰ ہاوس میں ٹھہرایا گیا ہے، جہاں ان کی رہائش اور خوراک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ ان طلبہ کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔ان طلبہ کے سفری اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔











