کور کمانڈر لاہور کی پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست      

14

لاہور 03جون(اے پی پی)کور کمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ کی پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔پنجاب یونیورسٹی آمد پر کور کمانڈر کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔کور کمانڈر نے معرکہء حق کے تناظر میں طلبہ کی بنائی ہوئی خوبصورت پینٹنگز کا مشاہدہ کیا۔

اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے معرکہء حق کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو کی۔جنرل فیاض حسین شاہ نے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح کو پوری قوم کے ایمان اتحاد اور نظم و ضبط کا ثمر قرار دیا کور کمانڈر نے عالمی اور علاقائی تناظر میں حالیہ پاک بھارت جنگ کے دیرپا اثرات اور پاکستان کو حاصل ہونے والے ثمرات پر بھی بات کی ۔

کور کمانڈر نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دنیا پر پاکستانی قوم اور افواج کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو عیاں کر دیا، میرے لئے ملک کی سب سے قدیم اور بڑی یونیورسٹی میں آنا باعث اعزاز ہے، کور کمانڈر نے کہا کہ اساتذہ کرام قوم کے معمار ہیں، انھیں سلام پیش کرتا ہوں،حالیہ جنگ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید علوم کی اہمیت کھل کر سامنے آئی ہے،نوجوان ہی ملک کے روشن مستقبل کی دلیل ہیں، لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے کہا کہ ہم سب نے مل کر وطن عزیز کو محفوظ اور مضبوط تر بنانا ہے۔