سنوکر چیمپئن محمد آصف کی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد

19

چینگدو ( چین) ، 13 اگست ( اے پی پی): چین میں جاری ورلڈ گیمز میں موجود پاکستان ورلڈ سنوکر چیمپئن محمد آصف نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ میری طرف سے تمام پاکستانیوں کو یومِ آزادی بہت بہت مبارک ہو، آپ جس شعبہ میں بھی ہیں، چاہیے کھیل ہو یا تعلیم ہو اس میں اپنی پوری محنت کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہتر بنانے کے لیے یک جان ہو کر کام کرنا ہوگا۔

محمد آصف نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو اپنی سوچ کو مثبت بناکر ملک ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مثبت پہلو دنیا میں اجا گر کریں۔

محمد آصف ایک پاکستانی کیوسٹ ہیں جنہوں نے متعدد بار عالمی اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے تین مرتبہ آئی بی ایس ایف  عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انہوں نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین بار عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابر کیا اور ٹورنامنٹ میں 6 سینچری بریکس کا ریکارڈ بھی بنایا۔

انہوں نے 2025 میں تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ بھی جیتی، جہاں فائنل میں سری لنکا کے طہٰ عشرت کو 5-0 سے شکست دی۔ یہ ان کے کیریئر کا آٹھواں بڑا ٹائٹل تھا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے 2025 میں بحرین میں ہونے والی ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ میں بھارت کے برجیش دامانی کو 4-3 سے ہرا کر ٹائٹل جیتا۔

محمد آصف کا تعلق فیصل آباد سے ہے، اور وہ 42 سال کی عمر میں بھی شاندار کارکردگی دکھا رہے ہیں۔