بین الاقوامی بدھ مت وفد کا بادشاہی مسجد کا دورہ، تاریخی فنِ تعمیر اور روحانی فضا کو سراہا

7

لاہور، 20 ستمبر (اے پی پی): بدھ مت پادریوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی وفد نے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کیا۔ وفد کو مسجد کے مختلف حصے، جن میں وضو کی جگہ، مرکزی ہال اور صحن شامل تھے، دکھائے گئے۔ اس موقع پر وفد کو مسجد کی دیواروں کی منفرد بناوٹ اور مغل دور کے شاہکار فنِ تعمیر کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ بدھ مت پادریوں نے بادشاہی مسجد کی عظمت، فنِ تعمیر اور روحانی فضا کو بے حد سراہا۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ بادشاہی مسجد کا دورہ ایک تعمیری اور یادگار تجربہ ہے جس نے بقائے باہمی، ہم آہنگی اور امن کے پیغام کو مزید اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایسے دورے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔