وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن پر سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،صوبائی وزیربیت المال

2

قصور،04ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن پر سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،یہ مشکل امتحان ہے 1988 کے بعدگنڈاسنگھ کے مقام پر بڑا سیلاب ہے۔ان خیالات کااظہار صوبائی وزیربیت المال سہیل شوکت بٹ نے محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال کے زیراہتمام قصورمیں امدادی کیمپ کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی صفیہ سعید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شرینہ جنجوعہ،محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیربیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عزم پر سب کو دوبارہ گھروں میں آباد کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ہم سب مل کر اس مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، ایک ایک فرد  کو سہولیات دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،15 سو خاندانوں کو ہم نے ہر سہولت مہیا کرنے کا عزم کیا ہے، سب اداروں نے عمدہ ذمہ داری سے کام کیا اور کر رہے ہیں۔ بعدازاں صوبائی وزیر بیت المال سہیل شوکت بٹ نے متاثرین سیلاب کیمپ کا دورہ بھی کیااور سیلاب سے متاثرہ خواتین میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔صوبائی وزیر نے خواتین کو اشیاء خوردونوش کے ساتھ نقد رقم بھی تقسیم کی۔