ریسکیو 1122 ملتان نے نیشنل ریزیلینس ڈے آفات سے بچاؤ کی آگاہی کا قومی دن  منایا

21

ملتان، 08 اکتوبر(اے پی پی ): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر ریسکیو 1122 ملتان نے نیشنل ریزیلینس ڈے 2005 کے زلزلے کے شہداء کی یاد میں عقیدت و عزم کے ساتھ منایا۔

اس موقع پر آگاہی واک اور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کی۔ واک میں ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال، ریسکیو اہلکاران، والنٹیئرز اور سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے بروقت تیاری اور عوامی آگاہی ضروری ہے۔ ریسکیو 1122 ملتان اب تک 10,75,313 ایمرجنسیز پر ریسپانس دے چکا ہے، مگر محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عوامی شمولیت ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری ریسکیو کمیونٹی سیفٹی ونگ سے مفت ٹریننگ حاصل کر کے ریزیلینٹ کمیونٹیز تشکیل دیں تاکہ کسی بھی آفت کی صورت میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال نے اپنے پیغام میں کہا کہ حادثات سے بچاؤ صرف اداروں نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آگاہی، احتیاط اور تربیت سے ہی ایک محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

آخر میں شرکاء نے زلزلہ شہداء کے لیے دعا مغفرت کی اور محفوظ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔