ملتان 08 اکتوبر (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ گندم ہماری زراعت کا بنیادی جزو اور ملکی معیشت کی مضبوطی کی ضامن ہے۔ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر گندم کی کاشت میں اضافے، کسانوں کی خوشحالی اور زرعی معیشت کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل زرعی کمیٹی برائے گندم کاشت کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر زراعت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت، کاشتکار نمائندگان اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ڈویژن میں 13 لاکھ 76 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ فی ایکڑ گندم کاشت میں اضافے کی ذاتی نگرانی کریں اور کسانوں سے براہِ راست رابطے کو یقینی بنائیں تاکہ کاشت کے عمل میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان میں 25 اکتوبر سے گندم کی کاشت کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ کھاد، فاسفورس اور بیج کی کسی قسم کی کمی نہیں ہے۔ ڈویژن میں نائٹروجن کھاد کے 50 کلو کے 4 لاکھ 88 ہزار 572 تھیلے، فاسفورس کھاد کے 4 لاکھ 31 ہزار 654 تھیلے جبکہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کے پاس 50 کلو کے 1 لاکھ 29 ہزار 760 تھیلے گندم بیج دستیاب ہیں۔
عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ کھاد یا فاسفورس کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ زراعت کا عملہ فیلڈ میں موجود ہے اور کسانوں کو گندم کی بہتر پیداوار کے لیے تکنیکی رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے “کسان کارڈ” کا اجراء کیا ہے، جس کے ذریعے نوٹیفائیڈ ڈیلرز سے کھاد، بیج اور زرعی ادویات خریدی جا سکتی ہیں۔
ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے اجلاس میں بتایا کہ محکمہ زراعت کے افسران گندم کے کاشتکاروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور کاشت میں اضافے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور کسان نمائندے موجود تھے۔











