لاہور، 10 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن اور کلین لاہور مشن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا فیلڈ میں مسلسل متحرک ہیں۔
علی الصبح تحصیل واہگہ کے دورے کے دوران انہوں نے گلشن حسین کالونی اور جھگیاں پنڈ میں صفائی، سیوریج اور دیگر میونسپل خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر واہگہ اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈی سی لاہور نے شہریوں سے ملاقات کرکے صفائی کے انتظامات پر اُن کے تاثرات بھی سنے، جس پر شہریوں نے انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فیلڈ وزٹ کے دوران سید موسیٰ رضا نے واسا حکام کو سیوریج لائنوں کی فوری صفائی، بندش کے خاتمے اور کھلے مین ہولز کو فوراً ڈھانپنے کے واضح احکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح گلیوں، بازاروں اور شاہراہوں سے تعمیراتی ملبہ ہٹانے، سڑکوں کے پیچ ورک اور ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی عملے کو گلی محلوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے، جبکہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کو مکمل طور پر یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ شہری سہولیات میں بہتری کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ یہ اقدامات ضلعی انتظامیہ لاہور کے اس عزم کی عملی تصویر ہیں کہ شہریوں کو صاف، محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جائے۔











