واشنگٹن۔19فروری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے ایک بار پھر زبردست توصیفی کلمات ادا کئے۔ جمعرات کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو بے حد پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو “گریٹ جنرل، گریٹ فیلڈ مارشل ، شاندار شخصیت ” قرار دیا اور فیلڈ مارشل کی “بہت بڑے فائٹر” کے الفاظ کے ساتھ تعریف کی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ایک بار پھر پاک -بھارت جنگ کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ شدت اختیار کر رہی تھی،اس جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے،ہم نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس جنگ کو رکوایا ۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے بتایا کہ میں نے جنگ بند کرا کے لاکھوں جانیں بچائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے قریبی تعلقات قائم ہوئے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بند کرانے کے لئے تجارت کو استعمال کیا،بھارت کے وزیراعظم مودی کو بتا دیا تھا کہ جنگ نہ روکی تو بھاری ٹیرف لگاؤں گا۔











