برطانوی پولیٹیکل کاؤنسلر مارک بیل کا صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کے ساتھ گوردوارہ ڈیرا صاحب لاہور کا دورہ

10

لاہور ،5 فروری ( اے پی پی ): برطانیہ کے پولیٹیکل کاؤنسلر مارک بیل نے وفد کے ہمراہ گوردوارہ ڈیرا صاحب لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑا نے بطور میزبان وفد کا استقبال کیا اور گوردوارہ کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا۔

مارک بیل نے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا کے ہمراہ گوردوارہ ڈیرا صاحب کا تفصیلی وزٹ کیا، جہاں وفد نے ارداس میں شرکت کی اور مذہبی رسومات میں حصہ لیا۔ وفد نے لنگر ہال کا بھی دورہ کیا اور وہاں لنگر تناول کیا۔

دورے کے دوران وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھرپور سراہا۔ برطانوی وفد نے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا کی قیادت میں مذہبی مقامات کی تزئین و آرائش اور بحالی کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

برٹش پولیٹیکل کونسلر مارک بیل نے پنجاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مختلف مذاہب کے درمیان احترام اور رواداری کی فضا قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے غیر ملکی یاتریوں اور سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

مارک بیل نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ کی حکومت پنجاب حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے وفد کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت تمام اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ اور مذہبی مقامات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔