سیالکوٹ؛ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت مرکزی تقریب و ریلی

12

سیالکوٹ، 05 فروری(اے پی پی): یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلع سیالکوٹ کی مرکزی تقریب کچہری چوک میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے بڑی تعداد میں شہریوں، افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں کشمیری عوام کے حق میں پلے کارڈز، بینرز، کشمیری پرچم اور قومی پرچم تھام رکھے تھے جبکہ فضا کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت کے مظالم نامنظور کے نعروں سے گونج اٹھی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد میں ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہیں جن کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی جانی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا بنیادی اور مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے ہے، جو کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور انہیں اس حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔تقریب کے دوران قومی ترانہ اور کشمیری ترانہ پیش کیا گیا جبکہ کشمیری نغموں پر بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت یومِ یکجہتی کشمیر کی ریلی نکالی گئی جو کچہری چوک سے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں پرامن احتجاج اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر رانا صفدر شبیر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن مجاہد علوی، معروف کرکٹر چاچا صوفی عبدالجیل، عاشق حسین صدیقی، اشفاق نذر، مرزا عبدالشکور، حکیم عارف سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔