دہشتگرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں ، بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

12

اسلام آباد۔6فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پاکستان میں ایک بھی دہشت گرد موجود ہے اس طرح کی بزدلانہ  کارروائیوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔  جمعہ کو پولی کلینک  ہسپتال میں رکن قومی اسمبلی  راجہ خرم نواز کے ہمراہ ترلائی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر  ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد سول آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنا کر انتہائی بزدلانہ اقدام کے مرتکب ہوئے ہیں، یہ انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں جس طرح ہماری مسلح افواج اور انٹیلیجنس ادارے ان کا مقابلہ کر رہے ہیں، انشاء اللہ ملک سے دہشت گردی کا جلد قلع قمع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان میں ایک بھی دہشت گرد موجود ہے اس کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس خطے میں امن کے خواہاں  ہیں، ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، ان وارداتوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف لڑنے کے لیے ہماری جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، تمام زخمیوں کو بہترین علاج معالجے کی فراہمی کی ہدایات کی گئی ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے۔   انہوں نے بم دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی  کے لیے بھی دعا کی ۔