لاہور۔16فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری پہچان ہے، مذہبی ہم آہنگی کا مقصد آپس میں پیارومحبت بڑھانا ہے،مذہبی رواداری سے معاشرہ میں نکھار اور امن و سکون پیدا ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں کیتھیڈرل چرچ میں بین المذاہب ہم آہنگی ، مذہبی رواداری اور باہمی افہام و تفہیم کیلئے حکمت عملی کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے، ہم سب کو مل کر ملکی استحکام اور خوشحالی کیلئے کام کرنا ہوگا، مذہبی رواداری سے معاشرہ میں نکھار اور امن و سکون پیدا ہوتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ آزادی سے اپنی مذہبی عبادات و تہوار منا تے ہیں کوئی مذہب دہشت گردی نفرت یا دشمنی نہیں سکھاتا، ہم سب کومعاشرے میں امن تباہ کرنے والوں کے خلاف مل کر ملی یکجہتی کے حوالے سے ایسامضبوط اور موثر پیغام دینا چا ہے۔
سردار محمد یوسف نے کہا کہ معرکہ حق و بینان المرصوص کو پوری دنیا نے دیکھا جس میں پوری قوم بشمول اقلیتیں حکومت اور افواج کے ساتھ کھڑی رہی ، اس اتحاد کے نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان نے مودی کا غرور اوروہم خاک میں ملا دیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے، پاکستان کی سلامتی کے لئےہمیں مل کر کام کرنا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد امام بارگاہ میں پوری قوم دھماکہ کی مذمت کرتی ہے ایسے واقعات روکنے کے لئے قوم سیسہ پلائی دیوار بنے گی۔ سردار محمد یوسف نے کہاکہ دشمن دہشت گردی کروارہا ہے جبکہ کسی دہشت گرد کا کوئی مذہب یا مسلک نہیں ہوتا،تمام دہشت گرد انسانیت و ملک کے دشمن ہیں ،ان کی سرکوبی ناگزیر ہے تاکہ ملک میں امن قائم ہو سکے۔
کانفرنس سے وزیرمملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل دا س کو ہستا نی ،صو بائی وزیر برا ئے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد، بشپ ندیم کامران، اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین راغب حسین نعیمی ، پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی ، مفتی محمد رمضان سیالوی،مولانا ناصر مدنی، مولانا محمد حسین اکبر ،مفتی عاشق حسین ودیگر سکالرز نے بھی خطاب کیا۔











