ملتان :گراں فروشی کے خلاف میگا کریک ڈاؤن، لاکھوں روپے جرمانے، متعدد گرفتاریاں اور دکانیں سیل

13

ملتان 27 مارچ (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی کے خلاف جاری میگا کریک ڈاؤن کے اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں، جس کے مطابق رواں ماہ کے دوران بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

یکم سے 26 مارچ تک مجموعی طور پر 82 ہزار 647 انسپکشنز کی گئیں جبکہ گراں فروشی پر 71 لاکھ 78 ہزار 500 روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق قیمت پورٹل کے تحت 56 ہزار 391 انسپکشنز کی گئیں اور خلاف ورزیوں پر 20 لاکھ 42 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح قیمتوں کی خلاف ورزی پر 8 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 28 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے 5 دکانیں سیل بھی کیں۔دوسری جانب پیرا ٹیموں نے 26 ہزار 256 انسپکشنز کے دوران 51 لاکھ 36 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور 2400 چالان کیے، جبکہ 11 دکانیں سیل کی گئیں۔ پیرا کارروائیوں میں 2 افراد کو گرفتار کر کے متعدد دکانوں کو سربمہر کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر پرائس کنٹرول آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔