حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار کمپلیکس قصور میں ترقیاتی کام جدید تقاضوں کے مطابق تیزی سے جاری ہیں ،ڈاکٹر احسان بھٹہ

11

لاہور، 23اپریل:( اے پی پی )  : سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار کمپلیکس قصور میں ترقیاتی کام جدید تقاضوں کے مطابق تیزی سے جاری ہیں جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ اس مقدس و تاریخی مقام کے مذہبی و روحانی تقدس کا مکمل احترام برقرار رہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے تفصیلی دورہ مزار کے دوران کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی و تزئینی کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد مرتضیٰ، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، منیجر اوقاف غلام مصطفیٰ، ایکسیئن بلڈنگز غلام عباس میتلا اور ایڈمنسٹریٹر لاہور زون ایسٹ میاں محمد اسلم ان کے ہمراہ تھے۔ایکسئین غلام عباس میتلا نے ڈاکٹر احسان بھٹہ کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی اور مزار کی بحالی و توسیع کے مختلف مکمل اور جاری ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ مزار کے  تین اطراف کی بیرونی جالیاں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ چوتھی جانب کا کام جاری ہے جو 25 اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اندرونی مزار کا فرش مکمل ہو چکا ہے جبکہ کلیڈنگ کا کام 85 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔ غلام گردش فلورنگ بھی مکمل ہو چکی ہے جبکہ CNC ماربل کلیڈنگ کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشستوں کی سیڑھیاں اور مسجد کے ساتھ حد بندی کی دیوار مکمل ہو چکی ہے جبکہ تین مرکزی دروازوں سمیت کھڑکیوں کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ بیرونی ترقیاتی کام، بشمول کوبل پیورز کی تنصیب، 90 فیصد تک مکمل ہو چکے ہیں۔ بیرونی سیوریج اور برساتی پانی کے نکاس کا نظام مکمل کر لیا گیا ہے۔ شجرکاری کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ کمپلیکس کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ قبرستان کی جانب دیوار مکمل ہو چکی ہے جبکہ موجودہ برآمدے کی تزئین و آرائش، فرش اور پینٹ کا کام آخری مراحل میں ہے۔ غلام گردش کی چھت اور مسجد کے صحن کا فرش بھی تکمیل کے مراحل میں ہے جو 30 اپریل تک مکمل کیا جائے گا۔مرکزی لائبریری، ایڈمنسٹریٹو بلاک، پولیس چوکی اور الیکٹریکل پینل روم سمیت اہم سہولیات مکمل ہو چکی ہیں جس سے انتظامی و عملی امور میں بہتری آئی ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے جاری کاموں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام باقی ماندہ کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور پورا منصوبہ اگلے ماہ کی 8 تاریخ تک ہر صورت مکمل کیا جائے جبکہ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مزار تک آسان اور براہ راست رسائی کے لیے 20 فٹ چوڑی سڑک کی توسیع کے لیے جگہ کی نشاندہی کریں تاکہ زائرین کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔دورے کے اختتام پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے موقع پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مزید ہدایات جاری کیں تاکہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جا سکے۔