لودھراں،18 اپریل (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، ساجد کریم اور ضلع بھر کے پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع میں اشیائے خوردونوش کی طلب و رسد، دستیابی اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ انسپکشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کریں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی چیکنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اعتدال برقرار رکھنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور تمام اشیاء نوٹیفائیڈ نرخوں پر فروخت ہونی چاہئیں۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے واضح کیا کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، دکانیں سیل کی جائیں اور عائد کیے گئے جرمانے سرکاری خزانے میں جمع کروائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک رہیں اور عوامی ریلیف کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔











