جشنِ فتح کے سلسلے میں پشاور میں یادگارِ شہداء پر پروقار تقریب

14

 پشاور 10 مئی (اے پی پی ):پشاور میں جشنِ فتح کے سلسلے میں یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہداء وطن کی عظیم قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میں فیصل کریم کنڈی اور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر وطن عزیز کے شہداء کے بلند درجات اور ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

تقریب میں چیف سیکرٹری، سول افسران، سول سوسائٹی کے اراکین، اسکولوں کے طلبہ، جبکہ مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی لازوال قربانیوں کو ملک کی بقا، امن اور استحکام کیلئے ناقابلِ فراموش قرار دیا۔

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا خصوصی پیغام بھی حاضرین کو سنایا گیا، جس میں وطن کے دفاع کیلئے افواجِ پاکستان اور قوم کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پاک فوج کی جانب سے لگائے گئے جدید ہتھیاروں اور دفاعی سازوسامان کے اسٹالز کا دورہ کیا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔