ڈھاکہ،9 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی ہے۔ وزرائے داخلہ نے دونوں وزارت داخلہ کے درمیان سیکرٹری لیول جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی سمگلنگ و استعمال اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں تعاون کے لیے تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکومت پاکستان جبکہ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔
ایم او یو کے تحت دونوں ممالک منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل اور سمگلنگ کو روکنے کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس کے منفی اثرات کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔ منشیات کی غیر قانونی فروخت اور سپلائی لائن توڑنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی اور متعلقہ ایجنسیاں منشیات کے سمگلروں اور نیٹ ورکس کے بارے بروقت معلومات کا تبادلہ کریں گی۔ اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور منشیات کی روک تھام کے لیے بہترین طریقہ کار بھی شیئر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیشی ہم منصب کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت کو ہر لحاظ سے سپورٹ کریں گے۔ ملاقات میں پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات، انٹرنل سکیورٹی اور سول آرمڈ فورسز کی ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
وزرائے داخلہ نے انسداد دہشت گردی، انسانی سمگلنگ کی روک تھام، سائبر کرائمز، منظم جرائم اور مالیاتی فراڈ کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی۔ پولیس اکیڈمیز میں آفیسرز کے لیے ٹریننگ پروگرامز میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے تعاون کی پیشکش پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر بنگلہ دیش حکومت کے سیکرٹری خارجہ اسد عالم صائم، سیکرٹری کابینہ نسیم الغنی، سیکرٹری داخلہ منظور چوہدری اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی موجود تھے۔











