لاہور، 9 مئی (اے پی پی): پنجاب آرٹ گیلری لاہور میں پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹس اینڈ کریئیٹرز کے زیرِ اہتمام “معرکۂ حق” کے عنوان سے خصوصی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی اور پاک افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ نمائش کا انعقاد آپریشن “بنیان مرصوص” کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر کیا گیا، جس کا مقصد حب الوطنی، قومی استقامت اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو مؤثر بصری انداز میں اجاگر کرنا تھا۔ نمائش میں بچوں، نوجوانوں اور فنکاروں کی جانب سے مختلف فن پارے پیش کیے گئے، جن میں آپریشن “بنیان مرصوص” کے مختلف پہلوؤں، قومی جذبے، افواجِ پاکستان کی بہادری اور عوامی یکجہتی کو تصویری انداز میں نمایاں کیا گیا۔ شرکاء نے فن پاروں کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور اپنے محافظ اداروں سے وابستگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ نمائش میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج کی خدمات، قربانیوں اور وطن کے دفاع کے لیے ان کے کردار کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔











