لودھراں ،15 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے لودھراں میں حفاظتی اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے بیٹ علاقہ جھوک جانن کا تفصیلی دورہ کیا اور دریائے ستلج کے دریائی ایریا میں جاری حفاظتی انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر اللہ بچایا، ریسکیو آفیسر غنیمت علی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہیں اور ضلعی انتظامیہ تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
محمد اشرف نے کہا کہ سیلابی علاقوں کے دوروں کا مقصد موقع پر انتظامات کا جائزہ لینا اور ممکنہ خامیوں کو فوری دور کرنا ہے۔ دورے کے دوران انہوں نے مقامی افراد کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔











