اسلام آباد،15 جولائی(اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اپنے عوام،خصوصاً نوجوان آبادی،میں سرمایہ کاری سے وابستہ ہے اور آبادی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صحت،تعلیم، روزگار، غذائی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔
عالمی یوم آبادی 2026 کی مرکزی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آبادی میں توازن اور استحکام کے لیے پارلیمان قانون سازی، پالیسی سازی اور رہنمائی کے ذریعے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔
چیئرمین سینیٹ نے خاندانی منصوبہ بندی، بچیوں کی تعلیم، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ذمہ دارانہ والدین کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں پر توجہ دے کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے وزارتِ قومی صحت، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن، پاپولیشن پروگرام ونگ، صوبائی حکومتوں، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (یو این ایف پی اے) اور ترقیاتی شراکت داروں کی پاکستان کے آبادی اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے مسلسل خدمات اور تعاون کو سراہا۔











