اقوام متحدہ ادارہ برائے اطفال (UNICEF) اسلام آباد کے وفد کی محکمہ داخلہ پنجاب آمد

0

لاہور،09  ستمبر ( اے پی پی ) : اقوامِ متحدہ ادارہ برائے اطفال (UNICEF)

اسلام آباد کے وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سیکیورٹی عائشہ ممتاز سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور بچوں کے تحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یونیسف وفد میں سداحمد عبداللہ اور محمد خالد عرفان شامل تھے جبکہ ڈپٹی سیکرٹری محمد مرتضیٰ، ڈپٹی سیکرٹری جمال فضیل اور محمد اسد اللہ گوندل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سیکیورٹی عائشہ ممتاز نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پنجاب بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جامع چائلڈ پروٹیکشن پالیسی منظور کرنے والا پہلا صوبہ ہے۔ بچوں کو محفوظ شیلٹر، خوراک، تعلیم اور صحت کی سہولیات کے ساتھ نفسیاتی اور قانونی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ بچوں کو محفوظ بنانا اور ان کا استحصال کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ یونیسف وفد نے پنجاب حکومت کی جانب سے بچوں کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ یونیسف وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا اینڈ پبلک آؤٹ ریچ سیل کا بھی دورہ کیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل نے وفد کو بچوں کے تحفظ کیلئے تیار کی گئی “حیاء اور بہادر” کارٹون سیریز بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے کم سن بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی کے واقعات کی روک تھام کیلئے “گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ” آگاہی مہم جاری ہے۔ اینیمیشن سیریز کے ذریعے بچوں کو احسن انداز میں مناسب اور نامناسب جسمانی رویے بارے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ “حیاء اور بہادر” کارٹون سیریز کے ذریعے بچوں کو یہ سکھایا جا رہا ہے کہ نامناسب جسمانی رویے کی اطلاع والدین کو دیں۔ درست تعلیم اور بروقت آگاہی کے بعد بچے نامناسب رویوں کو پہچان کر رپورٹ کر سکتے ہیں۔ والدین اور اساتذہ بچوں کو سکھائیں کہ گھر یا باہر جنسی استحصال کو کیسے رپورٹ کیا جاسکتا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے “گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ” بارے آگاہی کو ابتدائی کلاسز کے نصاب میں شامل کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کو کم عمری سے ہی اپنے تحفظ بارے بنیادی آگاہی فراہم کی جاسکے۔ محکمہ داخلہ کی آگاہی مہم بچوں کو بدسلوکی اور جنسی استحصال سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہو گی۔