لاہور4 ستمبر ( اے پی پی ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ حکومتوں کے لیے ایک اہم اور پیچیدہ چیلنج ہے، اس کے مؤثر حل کے لیے مضبوط صحت نظام کے ساتھ تحقیق، پیشہ ورانہ مہارت اور طبی ماہرین کی رائے کو اہمیت دینا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار سپیکر ملک محمد احمد خاں نے لاہور کے مقامی میڈیکل کالج میں منعقدہ طبی طلبہ کے اجتماع ”کلینکس“ 26 سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں ڈاکٹر محمد عامر خان، پروفیسر ڈاکٹر فرید ظفر، ڈاکٹر رشید بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ شوکت، ڈاکٹر عاطف کاظمی، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ طبی تعلیم کو صرف نصابی علم اور ڈگری تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ طلبہ میں تحقیق، تنقیدی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری پیدا کرنا ضروری ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ میڈیکل کالجز اور جامعات صحت کے شعبے میں تحقیق کے اہم مراکز بن سکتے ہیں۔ پاکستان کو طبی علم کا صرف صارف بننے کے بجائے اپنے مقامی صحت کے مسائل کے حل کے لیے تحقیق اور جدت پر توجہ دینا ہوگی۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ طبی فیصلوں میں ڈاکٹرز اور متعلقہ ماہرین کی پیشہ ورانہ رائے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ انتظامی نظام کو ان کی معاونت اور سہولت کاری کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ صحت کے پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے حکومت، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں اور انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے صحت کے نظام کا مطالعہ کریں، ان میں ہونے والی اصلاحات کو سمجھیں اور تحقیق کے ذریعے بہتر نظام کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ معیاری نجی تعلیمی ادارے اور مراکزِ امتیاز طبی تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اسی طرح دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بھی معیاری طبی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینا ضروری ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے طلبہ سے کہا کہ وہ بڑے مقاصد مقرر کریں اور محنت کے ذریعے انہیں حاصل کریں۔ نوجوان ڈاکٹرز اپنی صلاحیتیں ذاتی کامیابی کے ساتھ ملک اور انسانیت کی خدمت کے لیے بھی بروئے کار لائیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کلینکس ’26 کے انعقاد پر کالج انتظامیہ، فیکلٹی اور طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔











