مظفرآباد، 6 ستمبر ( اے پی پی): وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کے دفاع کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن شہداء، غازیوں اور پاکستانی قوم کی وحدت کا دن ہے۔ اسی دن پاکستانی فوج نے بھارت کو متحد کیا۔ آج کے دن ہم اپنی پاک فوج اور پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ 1965 میں پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح پاکستانی قوم نے بھارت کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملا دیا۔ اسی طرح یوم دفاع پاکستان اور یوم فیصلہ کے موقع پر جس طرح پاکستان نے اپنی عسکری طاقت کا مظاہرہ کیا، وہ پوری دنیا نے دیکھا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور صدر پاکستانِ آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دو سے اڑھائی سال میں پوری دنیا کے سامنے طاقت کے ساتھ اپنا لوہا منوایا ہے۔ یہ پورے پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خاص طور پر ہم کشمیریوں کے لیے باعث فخر ہے کیونکہ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیری قوم کی آزادی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بھی لگایا۔











