یومِ دفاعِ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام خصوصی ریلی کا انعقاد

6

کوئٹہ 06,ستمبر (اے پی پی): یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام اتوار کو  6 ستمبر کو ایک خصوصی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ سے ہوا، جہاں ضلعی انتظامیہ کے افسران، سرکاری ملازمین اور شہری بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ وطن سے محبت اور قومی جذبے سے سرشار شہریوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر (سریاب) مصور اچکزئی اور اسسٹنٹ کمشنر (صدر) محمد یوسف ہاشمی نے کی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے روانہ ہو کر شہر کی مختلف اہم شاہراہوں سے گزرتی ہوئی سرینا چوک پہنچی، جہاں شرکاء نے ملکی دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور قابلِ فخر دن ہے، جب قوم نے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر قومی اتحاد، عزم اور جذب حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔ یومِ دفاع ہمیں ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر فرائض انجام دیے۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ملکی دفاع کے لیے دی گئی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی یاد کو زندہ رکھنا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے۔ریلی کے شرکاء نے قومی یکجہتی، امن، ترقی اور ملکی استحکام کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط اور خودمختار ملک ہے اور قوم کسی بھی چیلنج کا مقابلہ اتحاد، نظم و ضبط اور باہمی یکجہتی کے ذریعے کرنے کے لیے تیار ہے۔ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ اس موقع پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی۔یومِ دفاع کے موقع پر منعقدہ ریلی نے کوئٹہ میں قومی جذبے اور یکجہتی کی ایک خوبصورت مثال پیش کی، جہاں سرکاری افسران، اہلکاروں اور عام شہریوں نے مل کر وطنِ عزیز سے اپنی محبت اور دفاعِ پاکستان کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔