یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر بلوچستان بھر میں پُروقار تقریبات کا انعقاد، یادگارِ شہداء پر حاضری اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں

6

کوئٹہ 6 ستمبر (اے پی پی)یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان بھر میں بھی پُروقار اور شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جس میں گورنر بلوچستان، وزیر اعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر کوئٹہ اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی۔ اس موقع پر اعلیٰ عسکری و سول قیادت نے یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی، جنہوں نے ملک و ملت کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

 فرنٹیر کور (ایف سی) بلوچستان کے زیرِ اہتمام بھی ایک خصوصی اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریبات میں بلوچستان کے شہریوں اور عوام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور وطنِ عزیز سے بے پناہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا۔