سکھر: گمبٹ اسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی جانب سے  عمرکوٹ میں مفت نیورو سرجیکل کیمپ کا انعقاد

2

سکھر،27اکتوبر(اے پی پی): گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی جانب سےعمرکوٹ میں مفت نیورو سرجیکل کیمپ  میں  200 سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

 پیر عبدالقادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) گمبٹ کے ڈائریکٹر  ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی خصوصی ہدایات پر شعبہ نیورو سرجری اینڈ روبوٹک نیورو اسپائن سرجری، گمس گمبٹ نے الحبیب میڈیکل سینٹر،عمرکوٹ میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا۔

کیمپ کی قیادت شعبہ روبوٹک نیورو اسپائن سرجری کے سربراہ ڈاکٹر پیر اسد عزیز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی،یہ اقدام گمس گمبٹ کے مشن “سب کے لیے صحت، وقفِ انسانیت صحت خدمات” کا حصہ ہے،جس کا مقصد سندھ کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک جدید اور خصوصی طبی سہولیات پہنچانا ہے۔

کیمپ میں 200 سے زائد مریضوں کو مفت طبی معائنہ اور مشورہ دیا گیا۔ زیادہ تر مریض مہروں کے ڈسک، دماغ میں پانی، اور اسپائنا بائی فیڈا جیسے امراض میں مبتلا تھے۔اس موقع پر 20 سے زیادہ مریضوں کو سرجری کی ضرورت تھی، ان کا تفصیلی معائنہ کر کے انہیں گمس گمبٹ میں مفت علاج اور آپریشن کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

گمس گمبٹ انتظامیہ نے الحبیب میڈیکل سینٹر عمرکوٹ کی انتظامیہ اور مقامی برادری کا پرتپاک استقبال اور تعاون پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہمدردانہ نگہداشت اور جدید طبی سہولیات کی سب تک رسائی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔