لاہور 27 اکتوبر ( اے پی پی ) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی ہدایت پر 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کی مناسبت سے ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کی جس میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے دفتر سے شروع ہوئی اور لاہور پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر افسران نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرائے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے لگائے۔
ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے جب 1947 میں بھارتی افواج نے جموں و کشمیر میں مداخلت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔










