وزیرِ اعظم شہباز شریف کی چوہدری محمد اشرف اور ملک ندیم کامران کے لواحقین سے تعزیت

5

ساہیوال۔26اکتوبر  (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ساہیوال میں سابق رکنِ قومی اسمبلی مرحوم چوہدری محمد اشرف اور رکن پنجاب اسمبلی وصوبائی وزیر ملک ندیم کامران کی رہائش گاہ پر جاکر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے چوہدری محمد اشرف کی وفات پر ان کے اہل خانہ سےتعزیت کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ساہیوال میں رکن صوبائی اسمبلی اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے صوبائی وزیر  مرحوم ملک ندیم کامران  کے گھر بھی  گئے اور  ان کے بیٹےرکن  پنجاب اسمبلی  ملک قاسم ندیم  اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔​وزیرِ اعظم نے مرحومین کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چوہدری محمد اشرف  اور ملک ندیم کامران نے ہمیشہ حلقے کے عوام اور جمہوریت کی خدمت کی،​مرحومین کا پارٹی اور ساہیوال کے عوام کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔