ڈیرہ مراد جمالی،27 اکتوبر (اے پی پی): یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیر آباد وریندر لعل کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر پریس کلب ڈیرہ مراد جمالی پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں تمام سرکاری محکموں (لائن ڈیپارٹمنٹس) کے سربراہان، سول سوسائٹی کے رہنماؤں، صحافی برادری، تاجر برادری، مذہبی رہنماؤں، نوجوانوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے دوران تمام مکاتبِ فکر کے لوگوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے اور مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کامل یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی میں پاکستانی قوم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔










