جیکب آباد،27 اکتوبر (اے پی پی): یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر جیکب آباد میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد ساہی کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں سرکاری افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجر برادری اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا جو پریس کلب سے ہوتی ہوئی ڈی سی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھ میں پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد ساہی نے کہا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ان کے جائز حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
ریلی کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی، امن و خوشحالی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی کامیابی کے لیے خصوص دعا کی گئی۔










