ریسکیو 1122 ملتان کا اکتوبر میں 13 ہزار 131 ایمرجنسیز پر رسپانس، 13 ہزار 46 افراد کو ریسکیو کیا، ڈاکٹر حسن

1

ملتان (2 نومبر 2026ء): پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ملتان نے ماہ اکتوبر کے دوران 13 ہزار 131 ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہوئے 13 ہزار 46 متاثرین کو ریسکیو کیا جبکہ سروس کا اوسط رسپانس ٹائم 7 منٹ سے کم رہا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ شہریوں کو بروقت اور معیاری ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے۔

اس سلسلے میں ریسکیو 1122 ملتان کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس ڈاکٹر حسین میاں کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال، کنٹرول روم انچارج مدثر ضیاء، ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد ارشد خان، تمام اسٹیشن انچارجز، شفٹ انچارجز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اکتوبر کے دوران 2 ہزار 838 ٹریفک حادثات، 109 آتشزدگی، 273 لڑائی جھگڑوں، عمارت منہدم ہونے کے 5 واقعات اور 7 ہزار 626 میڈیکل ایمرجنسیز پر ریسپانس کیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے 5 ہزار 333 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ 6 ہزار 415 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ٹریفک حادثات میں 24 افراد جانبر نہ ہو سکے جبکہ 883 مریضوں کو بہتر علاج کے لیے ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے 54 جانوروں کو بھی ریسکیو کرکے طبی امداد فراہم کی۔

ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ اکتوبر کے دوران ریسکیو 1122 ملتان کو 60 ہزار 722 کالز موصول ہوئیں جن میں سے صرف 11 ہزار 650 ایمرجنسی کالز تھیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری کالز سے گریز کریں اور صرف حقیقی ایمرجنسی کی صورت میں 1122 پر رابطہ کریں تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے اقدامات سے حادثات کی شرح میں کمی آئی ہے۔ شہری تیز رفتاری سے اجتناب کریں، موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ لازمی پہنیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔