وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ، 44 روز میں آغاز کی ڈیڈ لائن مقرر

5

لاہور، 17 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی ترقی کے لیے ’’اپنا گاؤں پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت گاؤں کی ترقی کے منصوبوں کا اختیار مقامی آبادی کو دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام کے آغاز کے لیے 44 روز کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔

پروگرام کے تحت دیہات میں پکی گلیاں، نکاسی آب کا نظام، گندے پانی کے لیے جوہڑ اور سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔ ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے ذریعے مکمل کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 485 جبکہ دوسرے مرحلے میں 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی۔

اس مقصد کے لیے 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ہر سوسائٹی کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جبکہ سوسائٹی کی پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ ہر گاؤں کی ترقی کا اختیار وہاں کے لوگوں کو دینا چاہتی ہیں تاکہ مقامی آبادی کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے اپنے ترقیاتی منصوبوں کا خود فیصلہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماڈل کے ذریعے ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنایا جائے گا۔