اسلام آباد ، 19 فروری (اے پی پی ): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی انسٹیٹیوٹ آف پیس کی صدر نینسی لِنڈبرگ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ،وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیرخارجہ نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انڈیا کی جانب سے حالیہ اقدامات سے خطے میں تصادم کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امریکی انسٹیٹیوٹ آف پیس کی جانب سے ریسرچ اور پالیسی سازی میں کیے گئے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
ملاقات کے دوران صدر نینسی لِنڈبرگ نے وزیر خارجہ کو ادارے کی مختلف شعبوں میں تحقیق اور سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی انسٹیٹیوٹ آف پیس 1984 سے مختلف شعبہ جات میں تحقیق سے وابستہ ہے۔ گزشتہ سترہ سال سے یہ ادارہ افغانستان میں مقامی حکومتوں اور سول سوسائٹی کے ساتھ ریسرچ اور پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ملاقات میں ادارے کے نائب صدر اینڈریو ویلڈر بھی موجود تھے۔
وی این ایس ،اسلام آباد











