اسلام آباد، 26 فروری (اے پی پی): مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں برآمدی سرگرمیاں میں اضافے کیلئے برآمد کنندگان کو سہولیات فراہم کررہی ہے۔ کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
امریکی وزیر تجارت ولبر راس سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عبدالزاق داؤد کا کہنا تھا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات دے رہی ہے۔ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی مصنوعات کی بڑی تعداد امریکہ سے حاصل جی ایس پی سہولت سے مستفید نہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت ان مصنوعات کو بھی ترجیحی تجارتی سہولت فراہم کی جائے۔
مشیر تجارت کا مزید کہنا تھا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی مصنوعات تیار کرکے دیگر منڈیوں کو برآمد کرسکتی ہیں جبکہ پاکستان امریکی کمپنیوں کے تجربے کی منتقلی سے استفادہ حاصل کرسکتا ہے۔
اس موقع پر امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے کہا کہ متعدد امریکی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے کی خواہاں ہیں۔ پاکستان میں تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو امریکہ کے ساتھ مل کر دوطرفہ تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے۔
وی این ایس،اسلام آباد











