خیبر پختونخواہ پولیس مکمل طور پر سیاسی مداخلت سےپاک ہے:آئی جی خیبر پختونخوا

169

ہنگو،29فروری(اے پی پی):آئی جی خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس میں بھرتیاں اور ٹرانسفر میرٹ پر کی جا رہی ہے،پختونخواہ پولیس مکمل طور پر سیاسی مداخلت سےپاک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ہنگو کے موقع پر میڈیا سےخصوصی ملاقات کے دوران  گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی خیبر پختونخواہ نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کوجلد یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ سی پی او میں موجود تمام افسران کو مختلف علاقوں میں ذمہ داریاں تفویض کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہنگو پولیس نے 72 گھنٹوں کے اندر اندر مدیحہ قتل کیس کو حل کر کے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت فراہم کیا ہے جس میں ہنگو میڈیا نے بھی بہتر انداز میں واقع کو رپورٹ کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیا۔

آئی جی نے کہا کہ پختونخواہ پولیس دیگر صوبوں کے لئے ایک اکیڈمی کا درجہ رکھتی ہے۔ ہنگو پولیس لائن جلد پولیس کے لئے آپریشنل کر دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے وسائل بڑھانے کے لئے عملی اقدامات کے دورس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

اس سے قبل ہنگو آمد پر آر پی او کوہاٹ طیب حفیظ چیمہ، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ڈی آئی جی اول خان اور ڈی پی او ہنگو شاہد احمد خان نے  آئی جی کا استقبال کیا۔

اس موقع پر  آئی جی نے پولیس ٹریننگ کالج ہنگو کے مختلف حصے دیکھے جبکہ پولیس لائن کا بھی دورہ کیا اور جلد  اسے پولیس کے لئے قابل استعمال بنانے کی ہدایات جاری کی۔

وی این ایس ،  ہنگو

Download Video