خواتین کو ہراسانی سے تحفظ دینے کے ایکٹ کے10 سال مکمل، شاندار تقریب کا انعقاد

134

اسلام آباد، 05 مارچ ( اےپی پی): کام کرنے کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ دینے کے ایکٹ کے دس سال مکمل ہونے پر مہر گڑھ کی جانب سے پانچ مارچ دو ہزار بیس کو ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی  سینکڑوں خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ مہر گڑھ اس قانون کے اطلاق کیلئے گزشتہ دس سال سے کام کر رہی ہے۔

تقریب میں میزبانی کے فرائض توثیق حیدر نے انجام دیے جو اس قانون بننے کے عمل کا ایک طویل عرصے سے حصہ رہے ہیں۔ تقریب کا آغاز ٹینا ثانی نے‘بول کہ لب آزاد ہیں تیرے’ گا کر کیا، جس کا مقصد ہراسانی کے وقت بولنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

سینیٹر پرویز رشید نے ڈاکٹر فوزیہ سعید کی کتاب On Their Own Terms کی رونمائی کی۔ اس کتاب میں چار خواتین رہنماؤں کی کامیاب تحاریک کے سفر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے جس میں جنسی ہراسانی پر کام کرنے والی آشا تحریک بھی شامل ہے۔ رونمائی کے دوران آشا تحریک کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ کے ہمراہ عقیلہ ناز، بشریٰ آرائیں اور طاہرہ علی شاہ مرحوم کی دختر یاسمین شاہ بھی اسٹیج پر موجود تھیں۔

مہر گڑھ نے جنسی ہراسانی کے قانون کی ایک دہائی مکمل ہونے پر تین ماہ کے عرصے میں تمام صوبوں میں کنسلٹیشنز کا انعقاد کیا۔ جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرکے اس قانون کے نفاز کے دوران پیش آنے والے چیلنجز اور کامیابیوں کا جائزہ لیا۔ جسے ایک جامع رپورٹ کی شکل میں تقریب کے دوران لانچ کیا گیا۔ مہرگڑھ نے اپنی رپورٹ میں مذکورہ ایکٹ کے نفاذ، اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں، ایکٹ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات کو شامل کیا ہے تاکہ اسے مزید بہتر کیا جاسکے۔

مہر گڑھ کی سربراہ ملیحہ حسین نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ان کی تنظیم نے1000 سے زیادہ آرگنائزیشنز کو ایکٹ کے نفاذ میں مدد کی، 23،000 سے زائد پیشہ ور افراد کو تربیت دی ہے اور 4000 سے زیادہ جنسی ہراسانی کے معاملات میں متاثرین کی مدد کی ہے۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے قانون کے نفاذ کی راہ میں درپیش چیلنجز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جنسی ہراسانی کے قانون کا سب سے بڑا چیلنج ان لوگوں اور اداروں کی جانب سے ہے جو اپنے ذاتی مفاد اور فنڈنگ کے لیے قانون میں ترامیم کراتے ہیں۔ تمام شرکاء نے اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے قانون پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اس کے نفاذ کے عمل کو آگے بڑھانے کا عہد کیا۔

 اےپی پی/سحر/فاروق