پاکستان وہ قوم ہے جس نے اس صدی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ساری دنیا میں سرخرو ہوئے ہیں :فیاض الحسن چوہان

153

لاہور 6 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان وہ قوم ہے جس نے اس صدی میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت کر ساری دنیا میں سرخرو ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ساری دنیا اب ہمارے تجربات سے سیکھ رہی ہے ۔اتنی بڑی جنگ جیتنے کے بعد اب کوئی بھی آفت کا مقابلہ پاکستانی قوم جذبے کے ساتھ کر لے گی ۔کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی میں پنجاب حکومت نے  کرونا وائرس کے خلاف بروقت اقدامات شروع کر دیے تھے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں  صوبائی وزیر صحت پنجاب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ چار جنوری کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے معاملات شروع کر دیے تھے اور تیرہ جنوری تمام ڈی سیز اور کمشنرز کو ایڈوائزی نوٹ جاری کر دیے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس پاکستان میں ہلاکت انگیز ثابت نہیں ہو گا اس لیے میڈیا اور عوام میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے جس کا کوئی کاروباری شخصیت کسی بھی طبقہ ہائے زندگی کے افراد  فائدہ اٹھائے  ۔اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے گہری نظر رکھی ہوئی ہے اس وقت دنیا کہ بیاسی ممالک میں کرونا وائرس پہنچ چکا ہے ۔چائنا سے شروع ہونے والے اس وائرس کی شدت میں اب اٹلی ،ایران، ایراق جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں  تقریباً اسی ہزار سے زائد لوگ اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں جس میں مثبت چیز یہ ہے کہ پچاس ہزار لوگ اس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔ابھی تک تک چین میں اس وائرس سے تین ہزار لوگوں کی ہلاکتیں ہوئیں ہیں اور چین میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کمی جبکہ دنیا کے دوسرے ممالک میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ   پاکستان میں آج کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ چھ کیسز سامنے آئے ہیں۔چھٹا کیس بھی کراچی سے سامنے آیا ہے جو کہ زائرین میں سے ہیں۔اس وقت تین کیس کراچی دو اسلام آباد جبکہ ایک گلگت بلتستان میں سامنے آیا ہے۔ہمارے پاس مشکوک کیس اڑتالیس رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے سنتالیس افراد میں وائرس نہیں پایا گیا جبکہ ایک کیس کی رپورٹ آنی ہے جو کہ امید ہے کہ منفی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سے جانے والے تین ہزار چھپن زائرین میں سے دو ہزار سات سو زائرین کی سکریننگ ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے پنجاب میں تین سنٹر موجود ہیں جن میں ایک پنجاب حکومت کا اپنا ، دوسرا شوکت خانم ہسپتال جبکہ تیسرا چغتائی لیب میں بھی سہولت موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے وزیر اعلی پنجاب نے کمیٹی تشکیل دی ہے جو مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماسک صرف متاثرہ افراد اور ان کے تیمارداری کرنے والے کو پہننے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے علاج کے لیے تین ہسپتال تیار کیے ہیں جن میں یورالجسٹ ہسپتال روالپنڈی ،طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ جبکہ پی کے ایل آئی ہسپتال لاہور شامل ہیں جبکہ تمام اضلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آئسولیشن روم موجود ہیں اور دس ہزار سے زائد افراد کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے  ٹرینینگ دی جا چکی ہے۔

 اےپی پی/فاروق