پشاور، 03 اپریل(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ متحد ہو کر قدرتی آفات اور آزمائشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اسلئے قبائلی عوام فکرمند نہ ہوں، حکومت قبائلی علاقوں پر پوری توجہ دے رہی ہے اورکرونا صورتحال میں حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر شاہ فرمان نے آج زلمی کرکٹ فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی کے ہمراہ قبائلی علاقے باڑہ اور ڈوگرا کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر گورنر اور جاوید آفریدی نے کرونا صورتحال کے باعث بے روزگار مزدور خاندانوں میں راشن(آٹا، گھی، چینی ودیگر کھانے کا سامان) بھی تقسیم کیا جبکہ گورنر شاہ فرمان نے ڈوگرا ہسپتال باڑہ میں ڈاکٹروں اور طبی عملہ کیلئے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی کٹس اور ماسک بھی ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کئے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحقین کیلئے راشن کا بندوبست کرنا قابل تحسین ہے کیونکہ ہم سب کے مال پر مفلس، غریب اور یتیم لوگوں کا حق ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے مزید کہا کہ کرونا سے بچاو کیلئے عوام احتیاط کریں اور سماجی فاصلے برقرار رکھیں۔
اے پی پی/صائمہ حیات /قرۃالعین











