پشاور،5اپریل(اےپی پی): خیبر پختونخوا کے معروف اداکار اور پروڈیوسر، ڈائریکٹر منتظم شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک وبا کی شکل میں دنیا میں اپنی تباہ کاریاں کرچکا ہے ،اس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہی واحد راستہ ہے۔
اتوار کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کر کے نہ صرف ہم خود بچ سکتے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی بچا سکتے ہیں۔
منتظم شاہ نے کہا کہ بار بار صابن سے اپنے ہاتھوں کو دھوئیں، کھا نسی یا چھینکتے وقت نیا ٹشو استعمال کریں ،ہاتھوں کو منہ اور آنکھوں پر بلکل مت لگائیں۔انہوں نے کہا کہ دوسروں سے نہ تو ہاتھ ملائیں اور نہ ہی گلے ملیں جبکہ آپس میں کم از کم تین فٹ کا فاصلہ رکھیں۔
اداکار منتظم شاہ نے کہا کہ ہجوم اور رش والی جگہ جانے سے گریز کریں اور بلاوجہ گھر سے نہ نکلیں۔کھانسی، زکام یا بخار کی صورت میں اپنا طبی معائنہ ضرور کروائیں کیونکہ انہی احتیاطی تدابیر کو اپنانے کے بعد ہی ہم اس بیماری کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃالعین











